ہڑتال اور پہیہ جام زیرو،پی ٹی آئی کی عیاری نہیں چلی، مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی عیاری نہیں چلی، پنجاب نے منفی باتیں پھیلانے والوں کی ہڑتال کی کال کو مسترد کردیا، پنجاب میں زیرو ہڑتال ، زیروشٹرڈائون اور زیرو پہیہ جام تھا۔لاہور میں اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلی پنجاب نے بسنت کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو سراہا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں بسنت کی بحالی سے ثقافت بحال ہوئی، پورے ملک سے لوگ بسنت منانے لاہور آئے،لاہوریوں کے چہروں پر خوشی دیکھ کر اچھا لگا، عوام کی جانب سے بسنت ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا گیا، بدقسمتی سے کچھ واقعات ضرور ہوئے ہیں، لوگ چھتوں سے گرے ہیں، چھت پر کنکریٹ کی دیوار نہیں تو عارضی بنا لیں، انفرادی غلطی کی وجہ سے چند واقعات ہوئے، ایک بھی موت گلا کٹنے سے نہیں ہوئی، پہلے بسنت کو خونی بسنت کہا جاتا تھا، لوگوں کے گلے کٹتے تھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک ہڑتال کی کال آئی ہوئی تھی، پنجاب میں کسی بھی جگہ ہڑتال نہیں ہوئی، عوام نے منفی رویوں اورگالم گلوچ کو یکسر مسترد کر دیا، عوام نے انتشاری اور فسادی ٹولے کی ہڑتال کو مکمل ناکام بنا دیا، اتوار کے دن دکانیں بند ہوتی ہیں، پنجاب میں زیرو ہڑتال تھی، زیروشٹرڈائون، زیرو پہیہ جام تھا، فتنہ فساد کے کلچر کو لوگوں نے مسترد کیا، پی ٹی آئی کی عیاری چلی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ارب پتیوں کی کال غریب عوام کو نقصان پہنچانیکی کال تھی، خوش آئند بات تھی کہ لوگوں نے بدتمیزی کے کلچر کو مسترد کردیا۔ادھرپنجاب حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان شراکت داری بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

یہ اتفاق رائے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا کی وفد کے ہمراہ ملاقات میں طے پایا ۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے عالمی بینک کے صدر اور وفد کا پرجوش استقبال کیا۔ملاقات میں صحت، تعلیم، اپنی چھت، اپنا گھر، ستھرا پنجاب اور کلائمیٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنمائوں کی ورلڈ بینک اور پنجاب کے درمیان شراکت داری پر بات چیت ہوئی، عالمی بینک کے صدر جے بنگا نے وزیراعلی مریم نواز شریف کے فلاحی پراجیکٹس کو سراہا۔عالمی بینک کے صدر نے پنجاب میں جاری ٹورازم، ایجوکیشن، ہیلتھ، سکل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو قابل تحسین قرار دیا، انہوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے پراجیکٹس کا جائزہ بھی لیا، مستقبل میں موسمیاتی لچک، ڈیجیٹل گورننس اور جامع ترقی کے لیے سپورٹ اور سرمایہ کاری کی یقین دہانی بھی کروائی۔

مریم نواز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ورلڈ بینک کے ساتھ مالی استحکام اور قابل عمل کاروباری ماڈلز کے ساتھ مسلسل تعاون کا خواہاں ہے، ورلڈ بینک کے اشتراک سے کنیکٹڈ پنجاب پروگرام تیارکیا جا رہاہے، کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔