خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی 2الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 4 اور 5 فروری کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران سیکورٹی فورسز نے موثر انداز میں خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10خوارج کو موثر طریقے سے ہلاک کر دیا گیا۔علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

