ریاض:عمرہ انتظامات کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے سعودی عرب نے ایک بڑا اور سخت فیصلہ کر لیا جس کے تحت غیر ملکی سطح پر کام کرنے والی سینکڑوں ٹریول ایجنسیوں کے ساتھ معاہدوں پر نظرِ ثانی شروع کر دی گئی۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے تصدیق کی ہے کہ عمرہ کے شعبے میں کام کرنے والی 1800 غیر ملکی ٹریول ایجنسیوں کے ساتھ جاری معاہدے معطل کر دیے گئے۔ یہ تعداد مجموعی طور پر تقریبا 5ہزار800 ایجنسیوں میں سے ہے۔ وزارت کے مطابق یہ فیصلہ باقاعدہ دورانیہ جاتی جائزے کے نتائج اور ان ایجنسیوں کی کارکردگی میں پائی جانے والی کوتاہیوں اور خدمات کے معیار میں کمی کی بنیاد پر کیا گیا۔
متعلقہ ایجنسیوں کو اپنی صورتحال درست کرنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی گئی ۔ وزارت نے واضح کیا کہ معاہدوں کی معطلی کا اطلاق صرف نئے عمرہ ویزوں کے اجرا تک محدود ہے جبکہ متاثرہ ایجنسیوں کو دی گئی 10 روزہ مہلت کے دوران نقائص دور کرنے اور مطلوبہ انتظامی تقاضے پورے کرنے پر معاہدے دوبارہ بحال کیے جا سکتے ہیں۔
وزارت نے اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی کہ اس فیصلے کا اطلاق ان معتمرین پر نہیں ہوگا جن کے پاس پہلے سے جاری شدہ ویزے یا موجودہ بکنگز ہیں۔ ان معتمرین کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ اور مذہبی سفر کو مکمل سہولت کے ساتھ یقینی بنایا جا سکے۔

