افریقی ملک سینیگال سے تعلق رکھنے والے باعمل حافظِ قرآن مسلمان خابی لام دنیا کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے ٹک ٹاک اسٹار بن گئے ہیں، جنہوں نے خاموش ویڈیوز کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کر کے ڈیجیٹل دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خابی لام نے حال ہی میں اپنے برانڈ اور کاروباری کمپنی Step Distinctive Limited کو ہانگ کانگ میں رجسٹرڈ ہولڈنگ کمپنی Rich Sparkle Holdings کے ساتھ تقریباً 975 ملین ڈالر کے معاہدے کے تحت فروخت کیا ہے۔ یہ معاہدہ تین سال کی مدت کے لیے طے پایا ہے، جس کے تحت Rich Sparkle کو دنیا بھر میں 36 ماہ تک خابی لام کے برانڈ، تصویر، آواز، تاثرات اور حرکات استعمال کرنے کے حقوق حاصل ہوں گے۔ ان حقوق میں اشتہارات، ٹک ٹاک شاپ، لائسنسنگ، ای کامرس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل ٹوئن بھی شامل ہیں۔ تاہم معاہدے کے باوجود خابی لام کمپنی میں 49 فیصد شراکت دار رہیں گے اور طویل المدتی کاروباری کنٹرول بھی ان کے پاس برقرار رہے گا۔
مکسڈ مارشل آرٹسٹ فائٹر جیف مونسن نے اسلام قبول کر لیا
یہ معاہدہ صرف سوشل میڈیا اشتہارات تک محدود نہیں بلکہ اس میں ملبوسات، خوشبوئیں، عالمی برانڈ شراکت داری اور ایک مکمل AI ورژن کی تیاری بھی شامل ہے، جو مختلف زبانوں میں خابی لام کے چہرے، آواز اور انداز کے ساتھ مواد تیار کرے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ سالانہ 4 ارب ڈالر سے زائد کی فروخت تک پہنچ سکتا ہے۔
خابی لام کی کامیابی کی سب سے منفرد بات یہ ہے کہ انہوں نے عالمی شہرت بغیر ایک لفظ بولے حاصل کی۔ ان کی خاموش ویڈیوز میں غیر ضروری اور پیچیدہ طرزِ عمل پر طنز کیا جاتا ہے اور چند لمحوں میں سادہ اور منطقی حل پیش کیا جاتا ہے۔ یہی سادگی انہیں دنیا بھر میں مقبول بنانے کا سبب بنی۔ خابی لام کے ٹک ٹاک پر فالوورز کی تعداد تقریباً 161 ملین ہے، جس کے ساتھ وہ دنیا کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے ٹک ٹاک اسٹار بن چکے ہیں اور ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی درج ہو چکا ہے۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز 78 ملین جبکہ یوٹیوب پر 13 ملین ہیں، یوں مجموعی طور پر ان کے سوشل میڈیا فالوورز کی تعداد 240 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔
سوشل میڈیا پر پھیلنے والی رنگین دنیا کے برعکس خابی لام کی ذاتی زندگی ایک مضبوط دینی شناخت کی حامل ہے۔ وہ صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ حافظِ قرآن بھی ہیں۔ ان کا تعلق سینیگال سے ہے، جہاں وہ پیدا ہوئے اور ڈاکار کے قریب ایک قرآنی مدرسے میں تعلیم حاصل کی، جہاں انہوں نے قرآن مجید حفظ کیا۔ بعد ازاں وہ اپنے خاندان کے ساتھ اٹلی منتقل ہوئے۔ خابی لام متعدد مواقع پر اعتراف کر چکے ہیں کہ وہ ایک باعمل اور پابند مسلمان ہیں، نماز اور عبادات کا اہتمام کرتے ہیں اور عمرہ و حج کی سعادت بھی حاصل کر چکے ہیں۔
یوکرائنی خاتون اسلام قبول کرنے کے چند گھنٹے بعد انتقال کر گئیں
شہرت سے قبل خابی لام کی زندگی نہایت سادہ تھی۔ وہ اٹلی میں ایک عام نوجوان کے طور پر زندگی گزار رہے تھے، بے روزگاری کا سامنا تھا اور کسی قسم کی سفارش یا بااثر تعلقات موجود نہیں تھے۔ مگر وقت کے ساتھ ان کی قسمت نے ایسا پلٹا کھایا کہ وہ Hugo Boss جیسے عالمی برانڈز کے ساتھ کام کرنے لگے، یوونٹس جیسے مشہور فٹ بال کلب کے ساتھ نظر آئے اور میسی اور زلاتان ابراہیمووچ جیسے عالمی ستاروں کے ساتھ ویڈیوز میں شریک ہوئے، وہ بھی بغیر اپنے لباس، اصول اور انداز پر سمجھوتہ کیے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خابی لام کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی شہرت اور دینی وابستگی ایک دوسرے کی ضد نہیں۔ ان کی خاموشی اور سادگی اس دور میں ایک مضبوط پیغام بن کر سامنے آئی ہے، جہاں دنیا بناوٹ، تصنع اور شور سے اکتا چکی ہے اور اب اصل اور فطری انداز کو زیادہ پذیرائی دی جا رہی ہے۔

