لوگوں نے آگ سے بچنے کے لیے چھت کا رخ کیا، مگر دروازے پر تالا تھا، کے ایم سی فائر آفیسر

کراچی: کے ایم سی کے فائر آفیسر نے انکشاف کیا ہے کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے دوران لوگوں نے چھت کی طرف جانے کی کوشش کی تاہم چھت پر جانے والے دروازے پر تالا لگا ہوا تھا۔

گل پلازہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران فائر آفیسر ظفر خان نے بتایا کہ جس وقت آگ لگی تب مارکیٹ بند ہونے کا وقت تھا، اس لیے بیشتر دروازے بند کیے جا چکے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جب ابتداء میں اطلاع ملی تو تین فائر ٹینڈرز کو بیک وقت بھیجا گیا تھا، فائر ٹینڈر کا حجم زیادہ تھا اور سڑک تنگ تھی۔ دکانداروں کی افراتفری کی وجہ سے ریسکیو آپریشن متاثر ہوا، ہر دکاندار فائر فائٹر سے پائپ کھینچ رہا تھا کہ ہماری دکان کی آگ بجھاؤ۔

ظفر خان نے بتایا کہ کے ایم سی نے جب  فائر سیفٹی آڈٹ کیا تھا تب یہ معلوم ہوا تھا کہ محض 5 فیصد عمارتوں میں سیفٹی سسٹم ہے، ہنگامی اخراج کے راستے نہیں اور آگ بجھانے کے آلات بھی عمارتوں میں نہیں ہیں۔