عمران سے ملاقاتوں پر پابندی ختم کریں،عہدے کیلئے بھیک نہیں مانگی،اپوزیشن لیڈر

اسلام آباد:اپوزیشن لیڈر محمودخان اچکزئی نے کہا ہے کہ پی پی اور ن لیگ کے سخت دور کا ساتھی رہا ہوں، بکنے والے نہیں۔

ایوان میں خطاب کرتے ہوئے نومنتخب اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم ایک کشتی کے مسافر ہیں، چاہتے ہیں ایوان مضبوط ہو، ہم ایک دوسرے کو کئی سالوں سے جانتے ہیں، پاکستان مظاہروں اور تحریکوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایوان 5 ماہ تک اپوزیشن لیڈر کے بغیر چلایا گیا۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ ایوان کے تقدس کیلئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں، ابھی دیر نہیں ہوئی، آئیں ایوان کو طاقت کا سرچشمہ بنائیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی فوری ختم ہونی چاہیے، عہدوں کیلئے کسی سے بھیک نہیں مانگوں گا، نوازشریف سے عہدے کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ سیاسی درجہ حرات کم کریں گے تو مذاکرات کے راستے کھلیں گے۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت پارلیمنٹ ہاؤس گیٹ پر نومنتخب لیڈر محمود اچکزئی کا استقبال کرنے پہنچی، پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر، علی محمد خان سمیت پارٹی قائدین اسمبلی گیٹ پر موجود تھے۔