کراچی کے بڑے شاپنگ پلازا میں لگنے والی آگ گھنٹوں بعد بھی بے قابو، بڑے پیمانے پر نقصانات

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر گل پلازا میں لگنے والی تیسرے درجے کی آگ پر 11 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔ عمارت کا ایک اور حصہ صبح سویرے گر گیا، آگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، دھویں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائر بریگیڈحکام کا کہنا ہے کہ 20 فائر ٹینڈرز، 4 اسنارکل اور ایک واٹر باوزر کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز بھی آگ بجھانے میں مصروف جبکہ آگ کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا ہے،  عمارت کا ایک حصہ آگ کی شدت سے گر گیا ہے۔

چیف فائر افسر کا کہنا ہے کہ آگ ہفتے کی رات سوا دس بجے کے قریب لگی اور اسے تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں، آگ کی وجہ سے عمارت کے ایک حصے کا پلر گر گیا ہے، پوری عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں جبکہ گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں جل گئیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے،  آگ شاپنگ پلازہ کے میز نائن فلور پر لگی، آگ نے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، شاپنگ پلازہ گراؤنڈ ، میز نائن پلس دو فلور پر مشتمل ہے۔

سینئر فائر آفیسر عارف منصوری نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں فائر فائٹرز داخل نہیں ہوسکے، تپش زیادہ ہونےکی وجہ سے اندر داخل ہونےمیں مشکلات ہیں۔جاں بحق چار افراد کی شناخت فراز، کاشف، عامر اور شہروز کے نام سے ہوئی۔