جدہ()وزیراعظم شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت سے متعلق خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے نیک تمنائوں اور دعائوں کا اظہار کیا ہے۔
ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ شاہ سلمان کو طبی معائنے کے لیے اسپتال میں داخل کیے جانے کی اطلاع باعثِ تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادم حرمین شریفین کو انتہائی عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں امتِ مسلمہ کے لیے ایک اہم اور مدبر رہنما سمجھتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی شاہ سلمان کو جلد مکمل صحت، توانائی اور تندرستی عطا فرمائے تاکہ وہ اپنی قیادت کے فرائض اسی عزم اور بصیرت کے ساتھ انجام دیتے رہیں۔

