نئے کنکشن پر عائد پابندی ختم ہوتے ہی لاکھوں صارفین نے نئے گھریلو گیس کنکشن کیلئے درخواستیں جمع کرا دیں۔ رپورٹ کے مطابق نئے گیس کنکشن کے حصول کیلئے سوئی ناردرن گیس کمپنی (ایس این جی پی ایل) میں جمع کرائی گئی درخواستوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ ایس این جی پی ایل حکام کے مطابق نئے گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم ہوتے ہی صارفین نے لاکھوں کی تعداد میں درخواستیں جمع کرائیں، جس سے کمپنی پر بوجھ میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فاسٹ ٹریک کیٹیگری کے تحت اب تک تقریبا 4 لاکھ نئی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے تقریبا 29 ہزار صارفین کو نئے کنکشن کی فراہمی کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ نارمل میرٹ کیٹیگری کے تحت صارفین کی جانب سے مزید 3 لاکھ درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔ حکام نے مزید بتایا کہ 36 ہزار کنورژن کیسز پرانے پیڈڈیمانڈ نوٹس والے صارفین کو فراہم کیے گئے ہیں، اب تک مجموعی طور پر 64 ہزار نئے آر ایل این جی پر مبنی کنکشنز فراہم کیے جا چکے ہیں۔
سوئی ناردرن حکام نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کمپنی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ نئے کنکشنز کی فراہمی کا عمل باقاعدگی سے جاری رکھا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی میں سٹاف اور مٹیریل کی کمی کے باعث نئے کنکشنز کی فراہمی کا عمل سست روی کا شکار ہے۔

