امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی پٹی میں “امن کونسل” کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے وہاں ایک فلسطینی ٹیکنوکریٹ حکومت کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ کونسل عبوری مرحلے میں غزہ کے انتظام، تعمیرِ نو اور مستقبل کے سیاسی ڈھانچے کی نگرانی کرے گی۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ امن کونسل کی تشکیل مکمل ہو چکی ہے اور اس کے ارکان کے نام جلد سامنے لائے جائیں گے۔ ان کے مطابق یہ کونسل عالمی سطح پر باوقار اور مؤثر شخصیات پر مشتمل ہوگی۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ وہ نئی تشکیل دی گئی فلسطینی ٹیکنوکریٹ حکومت، جسے غزہ کے انتظام کے لیے قومی کمیٹی کہا جا رہا ہے، کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی عبوری مدت کے دوران غزہ کے انتظامی امور سنبھالے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق مصر، ترکیہ اور قطر کے تعاون سے حماس کے ساتھ غیر مسلح کرنے کا جامع معاہدہ طے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس میں ہتھیاروں کی حوالگی اور زیرِ زمین سرنگوں کا خاتمہ شامل ہے۔

