ماسکو:روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کو روس کا قریبی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کریملن پیلس میں منعقد تقریب کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، تقریب کے دوران پاکستانی سفیر نے صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمنائوں اور خیرسگالی کے پیغامات صدر پیوٹن تک پہنچائے۔
صدر پیوٹن نے پاکستان کو روس کا قریبی شراکت دار قرار دیتے ہوئے دو طرفہ تعاون میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، سفارت کاری، تعلیم، زراعت، صحت، صنعت، ریلوے اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے۔

