امت کا اجماع ہے ریاست کے خلاف جہاد نہیں ہو سکتا،وزیراطلاعات

اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی نے افغان حکومت کا ترجمان بن کر جھوٹ اور منافقت کی انتہا کردی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر سہیل آفریدی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عطا تارڑ نے لکھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی آج افغانستان کے ترجمان کے طور پر بات کر رہے تھے جو انتہائی قابل مذمت ہے اور شرمناک ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پوری دنیا نے افغان طالبان رجیم کی دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ثبوت دیکھے ہیں جبکہ افغان سر زمین سے دہشت گردی کی کاروائیوں کے لیے استعمال ہونے کے نا قابل تردید شواہد بھی سامنے آچکے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے لکھا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، تحریک انتشار والے جب بھی منہ کھولتے ہیں، دہشت گردوں کی سہولت کاری کرتے ہیں۔انہوں نے مزید لکھاکہ پاکستان کی ترقی فتنہ الخوارج کو قابل قبول نہیں، اسی لیے پاکستان کو نشانہ بنایا جاتا ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

دوسری جانب قومی پیغام امن کمیٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پوری امت کا اجماع ہے کہ پاکستان کی ریاست کے خلاف کوئی جہاد نہیں ہو سکتا، پکڑے گئے اور مارے گئے دہشت گردوں کا اسلام سے دور تک کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کے سیکریٹریٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، ملک میں امن کے لیے علمائے کرام کا اہم کردار ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور ملک نہیں، پیغام امن کمیٹی اس نظریے کو آگے لے کر چلے گی کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔

قومی پیغام امن کمیٹی کا مقصد امن کے پیغام کو پھیلانا ہے۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کو بیرونی فنڈنگ ہو رہی ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج دم بدن بے نقاب ہو رہے ہیں، دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، امن کے پیغام کو عام کریں گے۔