اسلام آباد،شادی والے گھرسلنڈر دھماکا،دولہا دلہن سمیت8 جاں بحق

اسلام آباد: اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلہا اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق اور11 افراد زخمی ہوگئے،گھر میں شادی کا فنکشن جاری تھا سلنڈر دھماکا ہو گیا، دھماکا 66 کوارٹرز گلی نمبر 23 میں ہوا جس سے 4 گھر بھی متاثر ہوئے ہیں۔

اتوار کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق گیس سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں متعدد گھر متاثر ہوئے، گھروں سے مجموعی طور پر 16 افراد کو باہر نکالا گیا،8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ایڈیشنل ڈی سی نے بتایا کہ سلنڈر دھماکے کی وجہ سے 11زخمی افراد کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا، واقعہ کے بعد پمز ہسپتال میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔

صاحبزادہ یوسف نے بتایا کہ سلنڈر دھماکا شادی والے گھر میں ہوا جس میں دولہا اور مہمان بھی موجود تھے، جاں بحق ہونے والوں میں دولہا، دولہا کی والدہ اور دلہن بھی شامل ہیں۔تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھماکے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، اس علاقے میں سلنڈر کا استعمال معمول ہے۔ترجمان پمز ڈاکٹر انیزہ جلیل نے بتایاکہ ای ڈی پمز کی ہدایت پر پمز میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ڈاکٹر انیزہ جلیل نے بتایا کہ 11زخمیوں کو پمز ہسپتال لایا گیا تاہم جن میں دو افراد چل بسے اور تعداد آٹھ ہوگئی ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، آرتھو پیڈک، برن سینٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ میں زخمیوں کا علاج شروع کر دیاگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو چھت گرنے سے زیادہ زخم آئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی وجوہات کا تعین کیا جاسکے گاادھر ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق خود موقع پر موجود رہے اور جاری ریسکیو آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر تے رہے۔

ترجمان کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر کارڈن آف کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء پمز انتظامیہ کے مطابق فوت ہونے والے تمام افراد کی شناخت ہو چکی ہے، سنیل جاوید کی میت کو ٹینچ بھاٹہ ان کے گھر منتقل کر دیا گیا۔

علاوہ ازیںوزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سلنڈر حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیرصحت، سیکرٹری صحت اور پمز انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور رخمیوں کو مکمل صحت یابی تک ہر ممکن طبی امداد اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ وزیرِ اعظم نے سیکرٹری داخلہ کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی۔ انہوں نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔