اسلام آباد:پاکستان کی ترسیلات زر میں تاریخی بلندی، ملکی معیشت اور عالمی اعتماد میں خوش آئند پیش رفت ہوئی ہے، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر کا ایک اور ریکارڈ قائم ہوگیا۔
مشیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زردسمبر 2025ء میں 3.6ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں،دسمبر 2025ء میں ترسیلاتِ زر دسمبر 2024ء کے3.1ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 17فیصد زیادہ رہیں۔
مشیرخزانہ نے کہا کہ دسمبر 2025ء میں ترسیلاتِ زرنومبر 2025ء کے 3.2ارب ڈالر کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ ہوا،ریکارڈترسیلات زر کی وجہ سے مالی سال 2026ء کی پہلی ششماہی میں مجموعی ترسیلات 19.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
مالی سال 2026ء کی پہلی ششماہی میں مجموعی ترسیلات زر گزشتہ سال کے مقابلے میں41 فیصد زیادہ ہیں، مالی سال 2026ء میں مجموعی ترسیلاتِ زر 41ارب ڈالر سے تجاوز ہونے کی توقع ہے۔
مشیر خزانہ کے مطابق سعودی عرب سے پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ 813 ملین ڈالرز کی ترسیلات ہوئیں، دسمبر 2025ء میںمتحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات 726 ملین ڈالر رہیں ،اوورسیز پاکستانیوں نے برطانیہ سے 560ملین ڈالرز اور امریکا سے 302ملین ڈالرز پاکستان بھیجے۔
انہوںنے کہاکہ مجموعی طور پر دسمبر 2025ء میں بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ملکی معیشت میں مضبوط شمولیت طویل المدتی استحکام، پائیدار ترقی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دسمبر 2025ء میں گزشتہ برس کے مقابلے ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ دسمبر 2025ء میں محب وطن سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 3.6ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جن پر انکے مشکور ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ترسیلات زر میں گزشتہ برس کے مقابلے 16.5فیصد اضافہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے، سمندر پار پاکستانیوں کا پراپیگنڈے کو مسترد کرکے وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے ترسیلات زر بھیجنا انکی اپنے ملک سے محبت کی اعلیٰ مثال ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں،مجھ سمیت پوری قوم کو ان پر فخر ہے، سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی بہبود کیلئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

