لاہور/کراچی/پشاور/کوئٹہ:پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے،حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند کر دیے گئے۔
،این ڈی ایم اے نے آئندہ تین روز کے دوران جنوبی اور وسطی پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے امکانات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا جبکہ ٹریفک حادثات میں9افراد جاں بحق ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، ایم تھری درخانہ سے فیض پور، ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور ایم الیون لاہور میں ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ ملتان سکھر موٹروے ایم فائیو پر بھی ٹریفک معطل رہی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال اور دیگر وسطی و جنوبی پنجاب کے علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بالائی سندھ خصوصاً سکھر اور گرد و نواح میں بھی دھند متوقع ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات اور علی الصبح دھند پڑ سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق مجموعی طور پر ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور مستحکم رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں دن کے اوقات میں دھوپ برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
لاہور میں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری جبکہ ملتان میں 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم صبح کے وقت دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔پشاور میں موسم نسبتاً معتدل رہے گا جہاں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیش گوئی ہے جبکہ کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں سردی کی شدت برقرار رہے گی اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔کراچی میں موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جہاں درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا تاہم سمندری ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار رہے گا۔
محکمہ موسمیات اور موٹروے پولیس نے شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دھند میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حدِ رفتار کم رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
دوسری طرف جاری فلائٹ شیڈول کے مطابق خراب موسم کے باعث کراچی سے لاہور آنیوالی قومی ایئرلائن کی 2 پروازیں پی کے 302 اور 303 منسوخ کر دی گئیں، اس کے علاوہ ریاض سے اسلام آباد کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ایف 3651 کو پشاور میں اتارلیاگیا۔
علاوہ ازیں لاہور کی 30، اسلام آباد کی 12، کراچی کی 10 ، ملتان کی 7، پشاورکی 3 جبکہ سیالکوٹ، فیصل آباد اور سکردو کی 2، 2، پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
مزید برآں کراچی سے اسلام آباد کی قومی ایئرلائن پی کے 373 پرواز 11 گھنٹے ، ابوظہبی سے لاہورکی غیرملکی ایئر لائنزکی 2پرواز یں 10 گھنٹے۔لاہور سے مدینہ کی پی کے 747 پرواز 8 گھنٹے ، دمام کی پی کے 248 پرواز 4 گھنٹے جبکہ جدہ سے ملتان کی غیر ملکی ایئر کی ایس وی 801 اور 800 پروازیں 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی سسٹم کے ذریعے بارش برسانے والا سسٹم تاحال شمالی علاقہ جات میں موجود ہے۔ لاہور میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ دریں ا ثنا ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 9افراد جاں بحق ہوگئے ۔
سندھ میں نواب شاہ مین مہران ہائی وے پر شدید دھند کے باعث 2 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں 3 افراد جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ رحیم یار خان کی بستی حاجی کرم دین میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خالد موقع پر دم توڑ گیا جبکہ موضع نائچ میں ٹرالر نے 65 سالہ فیاض احمد کو کچل دیا، نامعلوم ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
اسی طرح صادق آباد میں سڑک کنارے کھڑ ے 10 سالہ عاصم کو نامعلوم گاڑی نے روند ڈالا،صادق آباد میں ہی 20 سالہ وحید موٹرسائیکلوں کے تصادم میں دم توڑ گیا۔مزید دو حادثات میں روجھان کا 35 سالہ نورمحمد اور لیاقت پور کا 60 سالہ اکبر علی زخمی ہو نے کے بعد دم توڑ گئے۔

