پاک فضائیہ کاجدید ترین تیمور کروز میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی:پاک فضائیہ نے قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کیے گئے تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق تیمور ویپن سسٹم کا ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک کے فاصلے پر دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو نہایت درستی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور روایتی وارہیڈ لے جانے کی اہلیت رکھتا ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل انتہائی کم بلندی پر پرواز کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے جس کے باعث یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام سے موثر طور پر بچ نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس کی انتہائی درست حملہ آور صلاحیت پاک فضائیہ کی روایتی دفاعی طاقت اور عملی لچک میں نمایاں اضافہ کرتی ہے جس سے ملک کے مجموعی دفاعی ڈھانچے کو مزید مضبوطی حاصل ہوتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کامیاب فلائٹ ٹیسٹ سے پاکستان کی دفاعی صنعت میں حاصل کی گئی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری واضح ہوتی ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ ممتاز سائنس دان اور انجینئرز بھی موجود تھے جنہوں نے اس جدید ویپن سسٹم کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پوری فضائیہ ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، انتھک محنت اور پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

دوسری جانب صدرِ مملکت نے پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری قومی صلاحیت، عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی واضح عکاس ہے۔

یہ کامیابی قومی دفاع میں خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم پیشرفت ہے، دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کامیاب تجربے پر پاک فضائیہ کو مبارک باد دینے کے ساتھ ساتھ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور میزائل سسٹم پر کام کرنے والے سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت، لگن اور غیر متزلزل عزم کی پذیرائی کی اور کہا کہ تیمور ویپن سسٹم کی بدولت ملک کا دفاع مزید مستحکم ہو گا۔ کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی نشاندہی کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر پاکستان ایئرفورس کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تیمورویپن سسٹم پاکستان ایئر فورس کا ایک نمایاں کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں آزمائی ہوئی ہیں۔ پاک فضائیہ نے حال ہی میں اپنی صلاحیتوں سے دشمن کے دل میں دھاک بٹھائی ہے۔