راولپنڈی:9 مئی کے 11 مقدمات کی انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی، شاہ محمود قریشی کی بھی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی۔کیسوں کی سماعت کیلئے عدالت اور اڈیالہ جیل کا ویڈیو لنک تیار نہ ہوا، بانی پی ٹی آئی کو مقدمات کے چالان نقول تقسیم نہ ہوسکیں۔
وکلائے صفائی کی جیل میں بانی چیئرمین سے ملاقات کرانے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی جبکہ فیصل ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمیں کیسوں بارے کلائینٹ سے ہدایات لینی ہیں آج ملاقات حکم دیا جائے۔عدالت نے آئندہ تاریخ پر چالان نقول تقسیم کرنے کا پراسس مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، اعظم سواتی عدالت پیش ہوئے، ملزمان کی بھی عدالت میں پیشی پر حاضریاں لگائی گئیں۔جی ایچ کیو گیٹ 4 حملہ ، آرمی میوزیم حملہ، صدر حساس ادارہ بلڈنگ اور میٹرو بس اسٹیشن جلانے، شمس آباد ڈبل روڈ، حساس ادارے پر پتھرا ئو حملہ کیسز شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے۔فیصل ملک نے کہا کہ امید ہے کہ آج لیگل ٹیم کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے گی، اگر ملاقات نہیں کروائی جاتی تو یہ توہین عدالت ہے، ہم عدالت سے استدعا کریں گے سپرنٹنڈنٹ کو طلب کرے۔

