کسانوں کو ٹریکٹر فراہمی معاشی خودمختاری ،زرعی انقلاب لائیں گے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب ٹریکٹر سکیم کا تیسرا فیز آئندہ سال جنوری میں شروع کیا جائے گا جس میں کاشتکاروں کو 50سے 55ہارس پاور کے ٹریکٹرز کی فراہمی کے لیے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب کے کاشتکاروں کے لیے پاکستان کی سب سے بڑی ٹریکٹر سکیم متعارف کروا کر وزیراعلی پنجاب نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جس کے تحت مجموعی طور پر 30ہزار ٹریکٹرز کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

سکیم کے پہلے فیز میں 50سے 75ہارس پاور کے 10ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں،دوسرے فیز میں 75سے 85ہارس پاور کے مزید 10ہزار ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی کی گئی ہے جبکہ ہر ہائی ہارس پاور ٹریکٹر پر حکومت پنجاب کی جانب سے 10لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس ہائی پاور ٹریکٹر سکیم کے لیے حکومت پنجاب مجموعی طور پر 10ارب روپے کی سبسڈی ادا کرے گی۔وزیراعلی پنجاب ٹریکٹر سکیم کا تیسرا فیز آئندہ سال جنوری میں شروع کیا جائے گا، جس میں کاشتکاروں کو 50سے 55ہارس پاور کے ٹریکٹرز کی فراہمی کے لیے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ پروگرام کے تحت 100سے 120ہارس پاور کے بڑے ٹریکٹرز بھی آسان اقساط پر قرض کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو ٹریکٹر کی فراہمی کا مقصد معاشی خودمختاری اور زیادہ پیداوار کا ہدف ہے۔ کاشتکار بھائی اپنے ٹریکٹر کے مالک بن رہے ہیں، اس سے بڑھ کر خوشی کیا ہوگی۔ حکومت پنجاب کسانوں سے فصل کی بوائی سے فروخت تک پورا ساتھ دے رہی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کسانوں کو جدید زرعی مشینیں فراہم کرنے سے پنجاب کاشتکاری میں خودد کفیل ہوگا۔زرعی انقلاب آئے گا، کھوکھلے نعروں کی بجائے عملی طور پر کسانوں کا سہارا بن رہے ہیں۔