بیجنگ:چین نے پاکستان اور افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اختلافات کو حل کریں اور صورتحال کو کشیدہ ہونے سے بچائیں۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے بیجنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر نظر رکھے ہوئے ہے اور امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے روایتی اور قریبی دوست ملک ہیں، اور بیجنگ چاہتا ہے کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رہے۔انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو صورتحال میں فوری نرمی لانی چاہیے اور غلط فہمیوں کو سفارتی طریقے سے دور کرنا چاہیے۔
گو جیاکن کا کہنا تھا کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پاک افغان تعلقات میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے تاکہ خطے میں دیرپا امن اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

