ایک ماہ کے دوران بلوچستان میں کتنے لاکھ لیٹر ایرانی ڈیزل پکڑا گیا؟

کراچی:پاکستان کوسٹ گارڈز نے ایک ماہ کے دوران ایرانی ڈیزل کی سمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 17 لاکھ 64 ہزار 615 لیٹر غیر قانونی ڈیزل برآمد کر لیا۔

ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے مختلف علاقوں گوادر، پسنی اور اوتھل میں روڈ چیک پوسٹوں کے ذریعے اور سمندر کے راستے کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ زمینی راستے سے 17 لاکھ 46 ہزار 615 لیٹر جبکہ سمندری راستے سے 18 ہزار لیٹر غیر قانونی ایرانی ڈیزل پکڑا گیا جو بلوچستان سے کراچی سمگل کیا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران ڈیزل سے بھرے ٹرک اور آئل ٹینکرز بھی قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ۔

ترجمان کے مطابق ضبط شدہ ڈیزل اور گاڑیوں کی مجموعی مالیت تقریبا 487 ملین روپے بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔