عمران سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر بہنوں وکارکنوںکا دھرنا

راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور پارٹی کے بانی عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ ملی جس پر انہوں نے جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنادے دیا۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو پولیس نے فیکٹری ناکے پر روکا، علیمہ خان کی جانب سے کارکنان کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی گئی اور وہ کارکنان کو ناکے سے پیچھے ہٹاتی رہیں۔ان کا کہنا تھاکہ پولیس کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں، پولیس والے ہمارے بھائی ہیں یہ ہمارے ساتھ بہت اچھے ہیں، کارکنوں کو اس لیے پیچھے کررہی ہوں کیونکہ خواتین ساتھ ہیں، پولیس والے خود پریشان ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھاکہ ملاقات کی اجازت عرصے سے نہیں دی جارہی، میری بہن نے گزشتہ ملاقات پر کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کو کس کے احکامات پر قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، ہم ملاقات کیلئے آئے پچھلے ایک ماہ سے اسی مقصد کیلئے آ رہے ہیں۔

اْدھر ملاقات کی اجازت نہ دینے پر عمران خان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا جس میں اراکین قومی اسمبلی جنید اکبر، شاہد خٹک، خیبر پختونخوا کابینہ کے اراکین مینا خان، شفیع جان و دیگر موجود تھے۔اڈیالہ جیل جانے والا راستہ بند اور پولیس کی بھاری نفری فیکٹری ناکے پر موجود رہی۔

نجی ٹی وی کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے کے پیشِ نظر فیکٹری ناکے پر اضافی پولیس نفری طلب کرلی گئی جبکہ گورکھ پور سے داہگل ناکے تک تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند کردیے گئے۔اڈیالہ جیل کے اطراف دو شفٹوں پر مشتمل خصوصی سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔

20 تھانوں کے ایس ایچ، 8 ڈی ایس پیز دو ایس پیز خصوصی ڈیوٹی پر مامورہیں، اڈیالہ جیل کے اطراف 1200 سے زائد اہلکار و افسران تعینات رہیں گے جب کہ 6 لیڈی انسپکٹرز سمیت 48 خواتین کمانڈوز بھی تعینات ہیں۔