کے پی،بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں،بھارتی حمایت یافتہ14 خوارج ہلاک

راولپنڈی:سیکورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں،بھارتی حمایت یافتہ14دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور فتنة الخوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

ٹانک میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں7 خوارج مارے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے لکی مروت میں بھی خوارج کے خلاف خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، لکی مروت میں فائرنگ کے تبادلے میں 2خوارج ہلاک ہوئے۔

شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مارے گئے بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، مارے گئے خوارج دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، یہ آپریشن ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے تک جاری رہیں گے۔

ادھرسیکورٹی فورسز نے ڈیرہ بگٹی میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں5بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کر دیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گر د سیکورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیاہے،ہلاک دہشت گرد دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملو ث تھے۔

علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

علاوہ ازیںصدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوااور بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فورسز کی پیشہ وانہ مہارت کو سراہا۔

تینوں شخصیات کا کہنا تھا سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے خارجیوں کو ہلاک کیا، خارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر سیکورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، سیکورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے، فتنہ الخوارج کے خلاف سیکورٹی فورسز بڑی کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔