(پنجاب حکومت)16سالہ بچوں کو اسمارٹ کارڈ،موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس اجرا کافیصلہ

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کوگرفتار کرنے سے روک دیا۔مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔

پنجاب میں 16سال کے بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے،ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی خلاف ورزی کی صورت میں وارننگ چالان ہوگا۔پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس کو عوام بالخصوص طلبہ کے لیے ہفتہ آگاہی منایا جائے گا جبکہ ٹریفک کے لیے پہلی مرتبہ ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال شروع کردیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کم عمر طلبہ یا بچوں سے زیادہ والدین کو ٹریفک قوانین سے متعلق کردار ادا کرنا چاہیے، ٹریفک قوانین عوام کی جان کی حفاظت کے لیے بنائے جاتے ہیں،عوام کو اپنی حفاظت کے لیے عادتوں کو بدلنا ہوگا، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔

مریم نواز نے کہا کہ معصوم بچوں کو نہیں پکڑنا چاہتے مگر قانون کی پاسداری ضروری ہے، بچوں کا قصور نہیں، ہم نے انہیں ہیلمٹ پہننے کی عادت ہی نہیں ڈالی، والدین بچوں کو روڈ سیفٹی کے لیے ہیلمٹ کی اہمیت اور ضرورت سے آگاہ کریں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس عوام کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھے اور بداخلاقی اور بدتمیزی نہ کی جائے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2445 پولیس گاڑ یاں قانون کی زد میں آ گئی ہیں۔