نواز شریف کی سیاست ختم کرنیوالے تاریخ کے کوڑے دان میں ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے گزشتہ 40 سالوں میں سب سے زیادہ سازشوں کا سامنا کیاجو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی آج وہ تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔

نواز شریف آج بھی تاریخ رقم کررہا ہے۔ آج نواز شریف کا بھائی وزیر اعظم اور بیٹی وزیر اعلیٰ ہے مگر حکومت نواز شریف کی ہے۔لاہور میں تقریب کے دوران نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا رونا کام نہیں آئے گا جیلوں میں ڈالنے کی روایت آپ نے ہی قائم کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب کے حالیہ ضمنی انتخابات میں بڑی منافقت سے کام لیا اگر ہار گئے تو کہیں گے کہ ہم نے بائیکاٹ کیا اگر جیت گئے تو کہیں گے کہ بائیکاٹ کے باوجود جیت گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں موروثی سیاست کا کہنے والی پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے رشتہ دار خود الیکشن میں کھڑے تھے، پی ٹی آئی کے بیانیے سے لوگ اب بے وقوف نہیں بنتے، لوگوں کو سمجھ آگئی ہے اسی لیے وہ اب پی ٹی آئی کے جلسوں میں بھی نہیں آتے۔

مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چار سالہ تاریخ کے بدترین سال ہیں جو ہمیشہ یاد رہیں گے، ان کا چور اور ڈاکو کا بیانیہ کب تک چلتا؟ چار برس میں سیاست کو داغ دار کیا گیا سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بدتمیزی، گالم گلوچ، خواتین کو برا بھلا کہنا، آوازیں کسنا یہ سب پی ٹی آئی کا وتیرہ رہا ہے مگر اس الیکشن میں ان کی سیاست ختم ہوگئی۔ مریم نواز نے کہا کہ عوام نعرے اور عملی اقدامات میں فرق جان گئے، اب کوئی بہکاوے میں نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی میں بھی تبدیلی آ گئی ہے، دھاندلی ہوتی ہے توپوری دنیا دیکھتی ہے، ڈسکہ میں آپ نے دیکھاتھا، جتنی بھی مشکلات آئیں مسلم لیگ ن نے بہادری سے مقابلہ کیا اور کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔

ہمیں حکومت ملی تھی تو دشمن کہتے تھے پاکستان ڈیفالٹ کرجائیگا۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال کے دوران پنجاب میں روٹی کی قیمت نہیں بڑھی، میرے مخالفین بھی کہتے ہیں وہ پنجاب میں محفوظ تصور کر رہے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ماضی، حال اور مستقبل نواز شریف ہیں۔