دفاعی منصوبوں کیلئے50ارب کا بڑا ریلیف پیکیج منظور

اسلام آباد:کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی سول آرمڈ فورسز کے دفاعی آلات کی مرمت اور سول آرمڈ فورسز کو مزید رقم دینے کے علاوہ دفاعی خدمات کے منصوبوں کے لیے50ارب کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرلی گئی۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، وفاقی سول آرمڈ فورسز کے دفاعی آلات کی مرمت کیلئے10 کروڑ 3 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔اس کے علاوہ سول آرمڈ فورسزکو مزید84 کروڑ 15 لاکھ 60 ہزار روپے دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں دفاعی خدمات کے منصوبوں کیلئے 50 ارب روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظورکی گئی،پاسکو کے خاتمے اوراس کے لیے خصوصی ادارہ قائم کرنی کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ایس پی وی کا ابتدائی ادا شدہ سرمایہ10 لاکھ روپے مقررکیا گیا جبکہ پیٹرولیم ڈویژن سمری پر آف شور آئل اینڈ گیس بلاکس کی لائسنس مدت میں توسیع اور ورکنگ انٹرسٹ کی منظوری دی گئی۔غیرملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نئی مراعاتی تجاویز منظور کی گئیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق فنڈز ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے طور پر منظور کیے گئے یہ رقم داخلی سلامتی، بارڈر کنٹرول اور امن و امان کیلئے فراہم کی جائے گی۔

ادھرسینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے اپنے حالیہ اجلاس میں مختلف شعبوں سے متعلق کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ اجلاس کی صدارت پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر احسن اقبال نے کی،جس میں منصوبوں کی تکنیکی، مالی اور سماجی اہمیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

تعلیم کے فروغ اور پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے سی ڈی ڈبلیو پی نے ”چترال میں دانش سکول کے قیام” کے منصوبے کی منظوری دیدی۔اس منصوبے کی لاگت 3,319.729 ملین روپے ہے۔

وفاقی سرکاری اداروں کی پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور پروگرام مینجمنٹ کی صلاحیت بڑھانے کیلئے ”وفاقی حکومتی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ (امبریلا پروگرام)” کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔اس منصوبے کی مالیت 5,431.500 ملین روپے ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں نظرثانی شدہ منصوبہ ”اسٹروک انٹروینشن اور کریٹیکل کیئر/کارڈیک سہولیات کی توسیع” کی منظوری بھی دی گئی۔اس منصوبے پر 7,220.956 ملین روپے لاگت آئے گی۔

شہری ترقی اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے سی ڈی ڈبلیو پی نے نظرثانی شدہ منصوبہ ”پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام” کے لیے پروجیکٹ ریڈی نیس فنانسنگ (پی آر ایف) کی منظوری دیدی۔اس منصوبے کی مجموعی لاگت 4,836.717 ملین روپے ہے۔