سیکورٹی فورسز نے ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے مزید5 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیا گیا جس میں سیکورٹی فورسز نے مزید 5 خوارج کو ہلاک کر دیا۔سیکورٹی فورسز نے کلاچی ڈی آئی خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، آپریشن الخوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مو ثر انداز میں نشانہ بنایا۔
علاقے میں بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی مہم جاری رہے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کولاچی اور دتہ خیل میںفتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے تحت سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔
صدرِ مملکت آصف زرداری نے خیبر پختونخوا میں کامیاب سیکورٹی آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوے کہا ہے کہ وطن عزیز میں بیرونی پشت پناہی والے خوارج کا مکمل خاتمہ ایک قومی مشن ہے اور یہ مہم قومی اتفاقِ رائے کے تحت جاری رہے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سیکورٹی فورسز نے ایک بار پھر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے، قوم خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ادھربنوں میں تھانہ بسیہ خیل کے قریب پل پر خودکش دھماکا ہوا ہے۔پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا، واقعے کی جگہ پر موٹر سائیکل اور ایک لاش پڑی ہے۔پولیس کی بھاری نفری واقعے کی جگہ پر پہنچ گئی ہے، دھماکے میں صرف خودکش حملہ آور مارا گیا جبکہ مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

