سرکلر منصوبہ نا گزیر،وسطی ایشیا ریلوے روٹ بحالی معیشت کو چار چاند لگادیگی،وزیراعظم

کراچی:وزیراعظم شہباز شریف نے شالیمار ایکسپریس کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح کردیا۔شہر قائد کے کینٹ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کو شہر کیلئے نا گزیر قرار دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی ہر انٹرنیشنل فورم پر بات کی ہے، مل کر کوشش جاری رکھیں گے جلد یہ منصوبہ حقیقت بنے گا۔ کراچی روشنی کا شہر تھا، یہاں کا ریلوے نظام بوسیدہ ہو چکا تھا،وزیرریلوے حنیف عباسی نے اپنی کارکردگی سے مخالفین کے منہ بند کر دیے اور بوسیدہ نظام کو جدید کردیا۔

انہوں نے کہا کہ کینٹ ا سٹیشن کی اپ گریڈیشن دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، فرسٹ کلاس اور اکانومی کلاس قابل دید ہیں، شالیمار ایکسپریس کو نئی ٹرین بنا دیا گیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسافروں کی انتظار گاہ، ڈائنگ روم اور خود کار ٹکٹ سسٹم شاندار ہیں، ٹرین کو آئوٹ سورس کرکے بہترین کام کیا گیا۔

سینٹرل ایشیا میں ریلوے کی بڑی ضرورت ہے، آپ کوشش کریں تاکہ ہم پاکستان کو ریلوے کے ذریعے دیگر ممالک کے ساتھ جوڑیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کی طرح سندھ، بلوچستان اور کے پی کے ساتھ بھی پارٹنرشپ کریں، تھرکول کو ٹرانسپورٹ کرنے کے لئے بھی فریٹ سسٹم کو بحال کررہے ہیں، جو رقم آپ کو درکار ہے وہ ہم آپ کو مہیا کریں گے۔

اسٹیشن کی صفائی کراچی ویسٹ مینجمنٹ کے ذمے ہے ، وسطی ایشا تک روٹ کو بحال کیا جائے تو معیشت کو چار چاند لگ سکتے ہیں۔ مجھے یقین ہے یہ منصوبہ جلد حقیقت بنے گا، ریلوے کی اپ گریڈیشن کیلئے درکار رقم فوری طور پر دلوائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی صوبوں کے ساتھ اشتراک کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، پارٹنرشپ کا دائرہ کار بلوچستان اور خیبرپختونخوا حکومتوں کے ساتھ بھی بڑھایا جائے۔

امید ہے آپ پاکستان ریلوے کو چند برسوں میں خطے کا شاندار ٹرانسپورٹ سسٹم بنائیں گے، فریٹ سسٹم کو بھی پوری طرح منظم کیا جارہا ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنز پر جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

اس موقع پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ کینٹ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن قلیل مدت میں کی گئی، گزشتہ 8ماہ میں ریلوے میں بہت ساری اصلاحات کی گئیں جب میں نے چارج لیا تو ریلوے زبوں حالی کا شکار تھا، 150سال بعد روہڑی جنکشن کو بھی اپ گریڈ کرنے جارہے ہیں اور پرانی عمارتوں کی بحالی کیلئے بھی جلد کام شروع کریں گے۔

آؤٹ سورس کے عمل میں ملازمین کے حقوق کا تحفظ کریں گے،اْنہوں نے تقریب میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کا شکرگزار ہوں، کراچی کے لوگوں کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کیلئے بہت کام کررہے ہیں،یہاں کے شہریوں کیلئے الیکٹرک بسیں لارہے ہیں۔

اْن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت ریلوے کی ترقی کیلئے وفاق کی مکمل حمایت کیلئے تیار ہے۔کراچی کو سرکلر ریلوے کی سخت ضرورت ہے، اس میں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم سے درخواست ہے سکھر حیدرآباد موٹروے جلد بنا دیں۔

قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، کراچی پہنچنے پر وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور اعلیٰ صوبائی حکام نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔