سعودی عرب میں ابر رحمت کیلئے نماز استسقا ادا کی گئی

ریاض: سعودی عرب میں بارش کے لیے نماز استسقا ادا کی گئی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے تمام علاقوں میں گزشتہ روز استسقا کی نمازیں ادا کی گئیں تاکہ اللہ سے بارش کی درخواست کی جا سکے۔ مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ نمازیں سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق خشک سالی اور بارش کے دیر سے آنے کے دوران ادا کی گئیں تاکہ اللہ کی مہربانی اور کرم سے پورے ملک میں بارش ہو سکے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایت پر لوگ مختلف شہروں، صوبوں، مراکز اور گائوں میں واقع مساجد اور استسقا کے لیے مخصوص مقامات پر جا کر اس روحانی تقریب میں شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ مفتی اعظم نے بھی ملک بھر کے عوام سے بارش کے لیے نماز استسقا پڑھنے کی اپیل کی تھی۔ اسلام میں نماز استسقا دو رکعات پر مشتمل ایک خاص نماز ہے جس میں لوگ اللہ سے معافی مانگتے ہیں اور بارش کی دعا کرتے ہیں، یہ نماز عموماً خطبہ کے ساتھ ادا کی جاتی ہے، جس میں امام عوام کو اللہ سے معافی طلب کرنے اور بارش کے لیے دعا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔
سعودی عرب کے علاوہ مشرق وسطی میں خشک سالی اور ریکارڈ سطح کی کم بارشوں کے بڑھتے ہوئے بحران کے بعد شام اور قطر جیسے عرب ممالک نے عوام کو استسقا کی نماز ادا کرنے کی دعوت دی ہے۔