ریکوری میں ناکام3 بجلی کمپنیوں پر10کروڑ کا جرمانہ عاید

اسلام آباد:بجلی کمپنیاں نقصانات میں کمی لانے اور ریکوری بڑھانے میں ناکام ہوگئیں جس پر نیپرا نے گیپکو، کیسکو اور فیسکوپر 10 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

نیپرا نے تینوں کمپنیوں کے خلاف فیصلے جاری کردیے، نقصانات میں کمی لانے اور ریکوری بڑھانے میں ناکامی پر گیپکو پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔الیکٹرک پولز کی ارتھنگ نہ کرنے پر گیپکو پر ستمبر 2024ء سے یومیہ ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

نقصانات میں اضافے پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی پر 4 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔نیپرا نے کیسکو کو 15 روز کے اندر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا، نقصانات میں اضافے اور ریکوری کم ہونے پر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی پرایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

نیپرا نے کہا کہ مالی سال 2023ـ24ء میں کیسکو کے نقصانات میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا،نقصانات بڑھنے سے قومی خزانے کو 15 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا، اس عرصے میں گیپکو کے نقصانات2.61 فیصد بڑھے، نقصانات میں اضافے سے خزانے پرایک ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا۔

اس عرصے میں فیسکو کے نقصانات میں 0.88 فیصد اضافہ ہوا، نقصانات بڑھنے سے خزانے پر4 ارب 80 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا، نیپرا نے کیسکو، گیپکو اور فیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کئے تھے۔تینوں کمپنیاں سماعت کے دوران نیپرا اتھارٹی کو مطمئن کرنے میں ناکام رہیں۔