کراچی، مضر صحت دودھ کی فروخت پر مزید 7 دکانیں سیل

کراچی: کراچی میں مضر صحت دودھ کی فروخت پر مزید 7 دکانیں سیل کردی گئیں۔

3دکانیں ضلع جنوبی، 3 شرقی اور ایک ملیر ضلع میں سیل کی گئی، تمام دکانوں کے دودھ میں یوریا ملا۔کمشنر کراچی کے حکم پر ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے، ملیر میں دلپسند ڈیری جو فارملین ملاوٹ کی وجہ سے پہلے ہی سیل ہے، کے دودھ میں یوریا کی ملاوٹ بھی پائی گئی۔

کمشنر کراچی کو دی گئی رپورٹ کے مطابق دوبڑی کارروائیوں میں مجموعی طور پر شہر میں دودھ کی 27 دکانیں سیل کی گئیں ۔ اس سلسلے میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی اور بیورو آف سپلائی کے افسران نے شرکت کی۔

اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز رابعہ نے اجلاس میں رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ یوریا ملا دودھ انسانی صحت کے لیے مضر ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دودھ کے معیار کی چیکنگ اور ملاوٹ کے خلاف مہم جاری رہے گی اور سیل دکانوں کو بھاری جرمانے اورحلف ناموں کے بغیر ڈی سیل نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ بھی کیا گیا کہ بغیر اجازت دکان ڈی سیل کر نے والے دودھ فروش کو گرفتار کیا جائے گا۔