بھارتی جریدے کا 20 ہزار پاکستانی فوجی غزہ بھیجنے کا دعویٰ جھوٹا نکلا

اسلام آباد:بھارتی جریدے کا20 ہزار پاکستانی فوجی غزہ بھیجنے کا دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹا نکلا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی رپورٹ میں شامل انٹیلی جنس لیکس اور دعوے من گھڑت اور گمراہ کن ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایس پی آر اور دفتر خارجہ نے بھی غزہ میں کسی فوجی مشن کی تائید یا اعلان کبھی نہیں کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا فلسطینیوں کی خود ارادیت کی حمایت میں مؤقف واضح اور اصولی ہے۔

دریں اثنائوزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا اور نہ کسی فوجی تعیناتی پر بات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) اور دفترِ خارجہ نے بھی غزہ میں کسی فوجی مشن کی تائید یا اعلان کبھی نہیں کیا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ فرسٹ پوسٹ نے صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک نجی اخبار کے جملے سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیے، بھارتی رپورٹ میں شامل ”انٹیلی جنس لیکس” اور دعوے من گھڑت اور گمراہ کن ہیں۔

اْن کا کہنا تھا کہ فرسٹ پوسٹ نے CNNـNews18 جیسے حوالہ جات کا استعمال کیا جو ماضی میں غیر مصدقہ اطلاعات شائع کر چکا ہے، پاکستان کا فلسطینی خود ارادیت کی حمایت میں مؤقف واضح اور اصولی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سفاک مودی کی ایما پر ریاست نواز گودی میڈیا مضحکہ خیز رپورٹنگ کرنے پر اتر آیا ہے۔