تل ابیب / غزہ:ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود اسرائیلی پارلیمنٹ نے مغربی کنارہ اسرائیل میں ضم کرنے کی منظوری دے دی۔
اسرائیل نے امن معاہدے کی آڑ میں مکروہ عزائم کی تکمیل تیز کر دی ہے۔ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے سے متعلق غیر قانونی بل کے پہلے مرحلے کی اسرائیلی پارلیمنٹ نے منظوری دے دی ہے۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو کی جماعت نے بل کی حمایت نہیں کی، تاہم اسرائیلی قانون سازوں نے 120 رکنی پارلیمنٹ میں 4 مراحل پر مشتمل بل کے پہلے مرحلے کی 24 کے مقابلے میں 25 ووٹوں سے منظوری دی۔
سعودی عرب، قطر اور اردن نے بھی مقبوضہ مغربی کنارے کے اسرائیل میں انضمام پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ مغربی کنارے کے علاقوں کو ضم کرنے سے باز رہے بصورت دیگر سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی دہشتگردی تھم نہ سکی۔
غزہ میں ڈرون حملہ اوراسنائپر فائرنگ کے واقعات،ایک فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہوگئے۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں شہدا کی تعداد 68 ہزار 234 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 70 ہزار 373 فلسطینی زخمی ہیں، اسرائیل سے موصول 54نامعلوم فلسطینیوں کی میتیں اجتماعی قبر میں دفن کردی گئیں، بعض میتوں پر تشدد اور پھانسی کے نشانات پائے گئے۔

