وزیر اعلیٰ کے پی کا نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملنے سے انکار

پشاور : خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 17 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملنے سے انکار کردیا۔شرکا کے مطابق پشاور میں پی ٹی آئی کا کوئی ایم پی اے یا ایم این اے بھی نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے ملنے نہیں آیا اور ورکشاپ کے شرکا کو کھانا بھی پیکٹس کی شکل میں دیا گیا۔
سینئر وزیربلوچستان سردارعبدالرحمان کھیتران کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے نہ ملنا روایات کے خلاف ہے، شرکا سے نہ ملنا پشتون، بلوچ اور اسلامی روایات کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ کے پی کو دعوت دیتے ہیں کہ آپ بلوچستان آئیں، دیکھیے گا ہم آپ کا کتنا احترام کرتے ہیں، آپ کو بلوچ، پشتون روایات کے مطابق کھانا بھی دیں گے، احترام بھی کریں گے۔
سردارعبدالرحمان کھیتران کا کہنا تھاکہ آج ہمیں بہت دکھ ہوا ہے، آرمی چیف سے زیادہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کیا مصروفیت ہے؟ آرمی چیف نے پاکستان بھرسے آئے شرکا کیلئے 5 گھنٹے نکالے۔ان کا کہنا تھاکہ ہم آپ کو پیکٹس میں کھانا نہیں دیں گے، ہم آپ کیلئے دستر خوان سجائیں گے، ہم بطور احتجاج آپ کا کھانا نہیں کھا رہے۔