کسی مدرسے یا مسجد کو بند نہیں کیا جائے گا، وزیر داخلہ محسن نقوی کا اعلان

کراچی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ مدارس یا مساجد کی بندش سے متعلق پراپیگنڈاکیا جا رہا ہے، کسی بھی مدرسے یا مسجد کو بند نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کی جس دوران سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ملاقات میں علمائے کرام کی گراںقدر خدمات کو خراج تحسین پیش، مذہبی ہم آہنگی اور یکجہتی کے فروغ پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا مدارس یا مساجد کی بندش سے متعلق پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، کسی بھی مدرسے یا مسجد کو بند نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا دین اسلام امن اور محبت کا درس دیتا ہے، قانون کے دائرہ میں ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے لیکن ملک میں تشدد اور شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا معرکہ حق میں بھی علمائے کرام کا کردار انتہائی اہم رہا، پاکستان ترقی کیلئے ٹیک آف کر چکا، ان حالات میں سب کومثبت کردار ادا کرنا چاہیے، آج پاکستان کیلئے سب کو یکجان ہونا ہو گا۔اس موقع پر چیئرمین پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔