اسلام آباد/لاہور/راولپنڈی:ملک میں چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ،گزشتہ ایک ماہ کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 15 سے 20 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں چینی فی کلو 185 سے 190 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، گزشتہ ماہ چینی کی قیمت 180 روپے کلو تھی۔ راولپنڈی میں چینی کی موجودہ قیمت 190 روپے فی کلو ہے، گزشتہ ماہ چینی کی فی کلو قیمت 185 روپے تھی۔
پشاور میں چینی کی فی کلو قیمت 195 روپے تک پہنچ گئی ہے، اس سے قبل یہاں چینی 190 روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔ لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ ماہ 179 روپے کلو تھی۔
فیصل آباد میں فی کلو چینی 190 سے 200 روپے میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ گزشتہ ماہ 185 روپے فی کلو دستیاب تھی۔ ملتان میں چینی کے نرخ 200 روپے فی کلو ہو گئے ہیں، گزشتہ ماہ چینی کی قیمت 185 روپے کلو تھی۔
کراچی میں فی کلو چینی 195 سے 200 روپے تک فروخت ہو رہی ہے، گزشتہ ماہ چینی کے فی کلو نرخ 190 روپے تھے۔ کوئٹہ میں فی کلو چینی کی قیمت 195 سے 200 روپے تک پہنچ چکی ہے، گزشتہ ماہ یہاں چینی کی قیمت 190 روپے کلو تھی۔
ادھراسلام آباد میں محکمہ پرائس کنٹرول نے کہا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ سپلائی میں تعطل کے باعث ہوا۔ جاری بیان کے مطابق ترجمان محکمہ پرائس کنٹرول کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث ٹماٹر کی فصل متاثر ہوئی جس کے باعث عارضی قلت پیدا ہوئی۔
ترجمان کے مطابق افغانستان اور ایران سے بھی ٹماٹر کی درآمد میں عارضی تعطل نے سپلائی پر وقتی دبائو ڈالا اور ٹماٹرکی قیمتوں میں اضافہ موسمی تبدیلی، بارشوں، ٹرانسپورٹ مسائل کا نتیجہ ہے۔
ترجمان محکمہ پرائس کنٹرول کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ وقتی ہے، آئندہ ہفتے سپلائی معمول پر آتے ہی قیمتوں میں کمی متوقع ہے جب کہ سندھ کی فصل نومبر اور پنجاب کی فصل اپریل ، مئی میں آنے سے ٹماٹر وافر دستیاب ہوگا۔
دوسری جانب لاہورمیں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھا ئوکا سلسلہ بدستور جاری ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی واقع ہوئی جبکہ انڈے ایک بار پھر مہنگے ہو گئے جس سے عوامی بجٹ پر دبائو بڑھ گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر مرغی کا گوشت 29 روپے فی کلو سستا ہو گیا ہے جس کے بعد فی کلو قیمت 403 روپے مقرر کی گئی ہے تاہم صافی (صاف شدہ) گوشت کچھ مقامات پر 560 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے جس نے صارفین کو کنفیوژن میں مبتلا کر دیا ہے ۔
اسی طرح زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 20 روپے فی کلو کمی دیکھنے میں آئی ہے، ہول سیل ریٹ میں 264 روپے فی کلو جبکہ پرچون ریٹ 278 روپے فی کلو ہے جبکہ انڈوں کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہو گیا ہے، اب فی درجن انڈے 325 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں جبکہ مارکیٹ میں ایک پیٹی انڈوں کی قیمت 9,630 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
علاوہ ازیں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف 28 اکتوبر کو شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کردیا گیا۔ راولپنڈی میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ہوگیا، فائن آٹے کی 80 کلو بوری 11 ہزار 700 روپے سے تجاوز کر گئی جبکہ لال آٹے کی بوری 10 ہزار 500 روپے سے اوپر پہنچ گئی۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد نان کی قیمت 30 روپے سے بڑھا کر 35 روپے اور روغنی نان 50 روپے سے بڑھا کر 60 روپے کردیا گیا ہے۔نان بائی ایسوسی ایشن نے مہنگے آٹے کے خلاف 28 اکتوبر کو تندور شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کردیا۔
ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ انہیں مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی فروخت کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جبکہ آٹا مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔نان بائی ایسوسی ایشن نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے بھاری جرمانے اور گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

