نیتن یاہو جنگی مجرم، ظلم و بربریت کی انتہا کردی ،مولاناعبد الغفور حیدری

جنڈانوالا:سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایک جنگی مجرم ہے جس نے نہتے فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔

انہوں نے عالمی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کو انصاف فراہم کرے۔بھکر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات سے بغاوت کے مترادف ہے، پاکستان کا بچہ بچہ اپنے عقیدے اور نظریے کے تحفظ کے لیے جان دینے کو تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنے نظریات پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گی،

جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ پرامن طریقے سے تحریکیں چلائیں اور کبھی بھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک لبیک کے ساتھ حکومت کا رویہ غیر جمہوری تھا، کسی بھی عوامی تحریک کو زبردستی یا جبر کے ذریعے نہیں روکا جاسکتا۔مولانا حیدری نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے مظالم کا نوٹس لے اور فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کرے۔