سندھ میں پولیو ویکسین نہ پلانے والے والدین کی سمز اور شناختی کارڈبند کرنے پر غور

کراچی: سندھ میں پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف کارروائی زیر غور ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعلی ہائو س میں پولیو کے خاتمے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس دوران انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا، سوائے اس کے کہ ان لوگوں کو سزا دوں جو پولیو کے خاتمے کی اپنی قومی ذمہ داری سے پہلو تہی کرتے ہیں۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ ایسے والدین کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے جو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرتے ہیں جن میں ان کے موبائل فون کی سمز بند کرنا، قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ معطل کرنا شامل ہے تاکہ وہ مواصلاتی اور سفری سہولتوں سے محروم رہیں۔مراد علی شاہ نے وزیراعلی ہاوس میں پولیو ویکسین انکار سیل قائم کرنے کا حکم دیا۔