معرکہ حق کی شکست بھارتی سر پر سوار،”را” کیلئے جاسوسی کرنیوالا ملاح گرفتار

اسلام آباد:بھارت نے سمندر سے اعجاز نامی ملاح کو گرفتار کیا اور بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے اسے اپنے لیے کام کرنے پر آمادہ کیا اور ٹاسک دے کر واپس پاکستان بھیجا تاہم سیکورٹی فورسز نے بھارتی ایجنسیوں کیلئے کام کرنے والے مچھیرے کو گرفتار کر لیا۔

بھارت میدان جنگ میں شکست کو بھلا نہیں پارہا،آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد انٹیلی جنس اداروں نے بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک اور ساز ش ناکام بنا دی ہے ۔

اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت نے اعجاز ملاح نامی مچھیرے کو گرفتار کیا، اعجاز ملاح سمندر میں ماہی گیری کرتا تھا،اعجاز ملاح کو بھارتی کوسٹ گارڈز نے گرفتار کیا۔

بھارت کی خفیہ ایجنسیوں نے اعجاز ملاح کو اپنے لیے کام کرنے پر آمادہ کیا اور ٹاسک دیکر پاکستان بھیجاتاہم سیکورٹی ایجنسیوں نے بھارتی ایجنسی کے لیے کام کرنے والے مچھیروں کو گرفتار کیا۔

اعجاز ملاح کو پاکستان نیوی، آرمی اور رینجرز کی وردیاں خریدنے کی ہدایت ملی تھیں، اس کے علاوہ اسے دیگر حساس اشیاء خریدنے کے مشن پر واپس بھیجاگیا وہ جب یہ وردیاں خرید رہا تھا تو پاکستانی ایجنسیوں نے اس کی نگرانی شروع کی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اعجاز ملاح کی گرفتاری کے دوران یہ تمام چیزیں اس سے برآمد ہوئیں جس میں سم کارڈ، ماچس، لائٹرز سمیت دیگرشامل تھیں، تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے مچھیرے کو مالی لالچ اور دباؤ کے ذریعے استعمال کیا جب کہ اعجاز ملاح نے گرفتاری کے بعد جرم کا اعتراف کرلیا۔

اس کا کہنا تھا کہ ”میں اعجاز ملاح ریاض ملاح کا بیٹا ہوں، ضلع ٹھٹہ کا رہائشی ہوں اور خاندانی مچھیرا ہوں، اگست 2025ء میں دریا میں تھے جب بھارتی کوسٹ گارڈ والوں نے گرفتار کرلیا اور کہا جس جرم میں آپ کو گرفتار کیا ہے اس میں آپ کی رہائی میں 2 سے 3 سال لگ سکتے ہیں۔

مجھے کہا گیا اگر آپ ہمارے لیے کام کریں تو آپ کی رہائی فوراً ممکن ہوسکتی ہے اور اس کے علاوہ مجھے پیسوں اور انعام کا لالچ بھی دیا، چونکہ مجھے جیل کا خوف تھا اور پھر پیسوں کا لالچ بھی دیا تو میں نے حامی بھرلی۔

مجھے رہا کردیا گیا اور ہدایت دی گئی کہ نیوی، رینجرز، آرمی کی وردیاں، 3 زونگ کی سمز، 3 موبائل دکان کے بل، پاکستانی ماچس اور سگریٹ کے ڈبے، لائٹر کے علاوہ 100 اور 50 والے پرانے نوٹ بھی لانے ہیںجس کے بعد مجھے رہا کردیا گیا۔

پاکستان پہنچ کر میں نے تمام چیزیں اکٹھی کیں اور اس کے بعد خفیہ ایجنسی کے افسر اشوک کمار کو تصویر نکال کر بھیجی اور سامان لے کر اکتوبر میں دریا کی طرف گیا تو پاکستانی لوگوں نے مجھے گرفتار کرلیا”۔

عطاتارڑ نے کہا کہ بھارت معرکہ حق میں پاکستان کی فتح اور سفارتی کامیابیوں سے پریشان ہے، پاکستان عالمی سطح پر عزت و وقار حاصل کررہا ہے جسے بھارت برداشت نہیں کرپارہا جب کہ بھارت نے گجرات اور کچھ میں فوجی مشقوں کے نام پر مذموم سرگرمیاں شروع کیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت میدان جنگ میں شکست کو بھلا نہیں پارہا، آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن مہم شروع کی ہے اور تمام بھارتی میڈیا جھوٹا بیانیہ پھیلانے میں مصروف ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ممکن ہے اعجاز ملاح سے یہ سب منگوانے کے پیچھے کوئی سازش ہو جو پاکستان کے خلاف رچی جارہی ہو اور ان کا تعلق گجرات اور کچھ میں جاری مشقوں سے بھی ہو کیوں کہ ان کا مقصد پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا اور تخریبی کارروائیاں تھا۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ یہ بھارت کا پراپیگنڈا آپریشن ہے جو ایکسپوز ہوا ہے، پاکستانی میڈیا نے جنگ میں انفارمیشن کی جنگ جیتی، اعجاز ملاح کو ستمبر کے مہینے میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے گرفتار کیا، بھارت کی طرف سے اعجاز ملاح کو پیسوں کا لالچ دیا گیا۔

اعجاز ملاح کو 95 ہزار روپے دینے کے ثبوت موجود ہیں،پہلگام میں بھی انہوں نے چائنیز سیٹلائٹ کا ذکر کیا اب یہاں پر زونگ کی سمز مانگی جارہی تھیں، بھارت کو کہنا چاہتے ہیں ہمارے ادارے چوکنا ہیں، ویڈیو کے ساتھ کچھ آڈیوز بھی ہیں ۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کی ایک اور مثال سامنے آگئی۔وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھارتی چینل انڈیا ٹوڈے کے بے بنیاد دعوئو ں کی حقیقت واضح کردی۔

بھارتی چینل نے جھوٹا دعویٰ کیا تھا کہ افغان طالبان نے ایک پاکستانی داعش (آئی ایس آئی ایس) جنگجو کی ویڈیو جاری کی ہے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق ویڈیو میں جھوٹا اعتراف کیا گیا کہ مبینہ دہشت گرد نے بلوچستان میں لشکرِ طیبہ سے منسلک کیمپوں میں تربیت حاصل کی اور داعش خراسان کے ساتھ افغانستان میں کارروائیوں میں حصہ لیا۔

وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے واضح کیا کہ کسی بھی سرکاری یا مصدقہ طالبان چینل نے ایسی کوئی ویڈیو جاری نہیں کی۔ وزارت کے مطابق یہ من گھڑت خبر انڈیا ٹوڈے نے غیر مصدقہ ذرائع سے شائع کی اور دیگر بھارتی اداروں نے بھی بغیر کسی تصدیق کے اسے پھیلایا۔

وزارتِ اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ اور افغان طالبان کے ترجمان نے بھی کسی پاکستانی داعش جنگجو کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔پاکستانی موقف کے مطابق بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان مخالف بیانیہ کو فروغ دے رہا ہے اور اپنے گودی میڈیا کے ذریعے جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈا کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے تاکہ پاکستان میں بدامنی اور دہشت گردی کو ہوا دی جاسکے۔