بھارتی ایئر چیف کو 90 دن بعد پاکستان کے طیارے گرانے کا خیال آیا؟

اسلام آباد:سیکورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف اور ایئرچیف کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کو دنیا کے نقشے سے مٹادیں گے شاید ان کے گلاس میں نشہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق میڈیا کو بریفنگ میں سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی ایئر چیف کو 90 دن بعد پاکستان کے طیارے گرانے کا خیال آیا، بھارت کے مقابلے میں افواج پاکستان بالکل تقسیم نہیں ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں فوج کو ہندوتوا بنایا جارہا ہے، آپ دیکھیں کہ ہم نے کتنے جہاز گرائے ہم نے سب کچھ کلیئر پیش کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں یہ ساری دنیا جانتی ہے، ہمیں کوئی ایشو نہیں ہے ہماری صلاحیت اور عزم سب بالکل سامنے ہے، بھارت جو مرضی تیاری کرلے ہم اپنی تیاری کر رہے ہیں، ابھی ہم نے 750 کلومیٹر تک مار کرنے والے فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کہا گیا کہ پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کے لئے اپنے مفاد کے لئے نامزد کیا کیونکہ امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ جنگ روکی،  ٹرمپ ہمیشہ پاکستان کا نام لیتے ہیں کہ طیارے بھی گرائے سب کچھ کیا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل بھارتی ایئرچیف نے بیان دیا ہے کہ ہم نے بھی پاکستان کے چھ طیارے گرائے ہیں جس پر بھارت کو ایک بار پھر جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔