نیشنل پریس کلب واقعے کے ذمے داران کیخلاف ایکشن ہوگا، طلال چودھری

اسلام آباد : وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب واقعے میں جو ملوث ہو گا اس کے خلاف ایکشن ہو گا، میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، پریس کلب واقعے پر ہم نے غیر مشروط معافی مانگی۔
جمعہ کو پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ نیشنل پریس کلب واقعے پر صحافیوں نے ایوان سے واک آئوٹ کیا، پارلیمنٹ صحافیوں کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، وزیرداخلہ کے حکم پر پریس کلب گیا اور وہاں ہونے والے واقعے پر ہم نے غیر مشروط معافی مانگی۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر صحافیوں سے بات چیت کی اور یقین دہانی کراتے ہیں کہ نیشنل پریس کلب واقعے میں جو ملوث ہوگا اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔
دوسری جانب سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پریس کلبز صحافت کے ایوان ہیں، ان کے تقدس کو پامال کرنا نہایت افسوسناک ہے، پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دینے والے کسی صحافی پر تشدد کا کوئی جواز قابل قبول نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پریس کلب واقعے کی تحقیقات کا فیصلہ اچھا اقدام ہے تاہم یہ محض جذبات ٹھنڈا کرنے کی رسمی کارروائی نہیں ہونی چاہیے، ایسے اقدامات کی مستقل روک تھام کا ٹھوس انتظام نہایت ضروری ہے، غیر ذمہ داری اور زیادتی کرنے والے اہلکاروں کا تعین کرکے انہیں سزا ملنی چاہیے، تحقیقات کو شفاف رکھتے ہوئے صحافی تنظیموں کو بھی شریک رکھا جائے۔