مظفرآباد:آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مظفرآباد میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر بھیجی گئی ہماری مذاکراتی ٹیم اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کے نمائندگان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے حقوق کے مکمل حامی ہیں، ان کے زیادہ تر مطالبات جو عوامی مفاد میں ہیں، پہلے ہی منظور کیے جا چکے ہیں اور باقی چند مطالبات جن کے لیے آئینی ترامیم درکار ہیں ان پر بات چیت جاری ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، ہماری امید ہے کہ ایکشن کمیٹی تمام مسائل کو پرامن مکالمے کے ذریعے حل کرے گی۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے لیے حکومتی ٹیم میں وفاقی وزرا رانا ثنااللہ، احسن اقبال، سردار یوسف اور امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان شامل ہیں۔
آزاد کشمیر کی حکومتی مذاکراتی کمیٹی بھی اجلاس میں شریک ہے تاہم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے شوکت نواز میر، راجا امجد ایڈووکیٹ اور انجم زمان شریک ہیں۔

