گرانی 4 فیصد سے متجاوز،19 اشیاء مہنگی، 12 سستی ، 20 مستحکم

ملک میں مہنگائی کی شرح اضافے کے بعد 4 فیصد سے اوپر چلی گئی۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.56 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 19 اشیاء مہنگی ہوئیں اور 12کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کا بتانا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 4.07 فیصد ہوگئی ہے۔ایک ہفتے میں ٹماٹر46.44 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ پیٹرول 1.72 اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 1.45 فیصد مہنگا ہوا، لہسن 1.41 اور پیاز 1.22 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ گھی، بیف، مٹن، دہی اور سگریٹس سمیت دیگر اشیا مہنگی ہوئیں۔

ایک ہفتے میں چکن 7.96 اور کیلے 0.78 فیصد سستے ہوئے، دالیں، آلو، کوکنگ آئل اور ایل پی جی سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں بھی کم ہوئیں۔ادھرملک میں چینی کی درآمد کے باوجود قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ آسکی، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں چینی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے چینی کی قیمت میں صرف 5 پیسے فی کلو کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم مختلف شہروں میں نرخ بدستور بلند سطح پر برقرار ہیں۔

پشاور اور حیدرآباد میں چینی کی قیمت ریکارڈ 280 روپے فی کلو تک جا پہنچی، ملتان میں بھی زیادہ سے زیادہ نرخ 280 روپے اور بہاولپور میں 240 روپے فی کلو ریکارڈ ہوئے۔لاڑکانہ میں چینی 220 روپے جبکہ سکھر میں 200 روپے فی کلو تک فروخت ہوئی۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے بعض شہروں میں نرخ 190 روپے فی کلو رہے جبکہ لاہور میں چینی 177 روپے فی کلو میں فروخت ہوتی رہی۔ملک کے مختلف شہروں میں چینی 177 سے 200 روپے فی کلو میں دستیاب رہی، جبکہ گزشتہ ہفتے چینی کی اوسط قیمت 184 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی۔