لاہور:بھارتی میڈیا کی بھارت کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) سے معافی مانگنے کی جھوٹی خبر پر اے سی سی کے صدر محسن نقوی کا ردعمل آگیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صدر اے سی سی محسن نقوی نے بھارتی میڈیا کو جھوٹا قرار دے دیا اور کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ بولتا ہے اور جھوٹ کا سہارا لیتا ہے، نہ میں نے کچھ غلط کیا ہے نہ ہی بی سی سی آئی سے معافی مانگی ہے، نہ ہی میں بی سی سی آئی سے کبھی معافی مانگوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اے سی سی صدر کی حیثیت سے فائنل والے دن ٹرافی دینے کے لیے تیار تھا اور اب بھی تیار ہوں، وہ واقعی چاہتے ہیں، تو وہ اے سی سی کے دفتر آئیں اور مجھ سے ٹرافی وصول کریں، میں انھیں خوش آمدید کہوں گا۔
محسن نقوی نے کہا بھارتی میڈیا من گھڑت کہانیاں گڑھ رہا ہے، میرے خلاف گھنائونی سازش ہے، بھارتی میڈیا کا مقصد صرف اپنے لوگوں کو گمراہ کرنا ہے۔صدر اے سی سی محسن نقوی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے بھارت کرکٹ میں سیاست کو گھسیٹنا جاری رکھے ہوئے ہے، بھارتی بورڈ سے کھیل کی ساخت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

