کوئٹہ:سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے تین اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میںبھارتی حمایت یافتہ 18دہشت گرد ہلاک کردیے،آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن منگل کی درمیانی رات کو شروع ہوا جب مشترکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو غزہ بند کے پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کی ایک تشکیل کے بارے میں مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ تشکیل مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھی اور اس کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا جو مبینہ طور پر بھارتی حمایت حاصل کر رہی تھیں۔آپریشن میں فرنٹیئر کور (ایف سی) پاکستان آرمی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ ٹیمیں شریک تھیں۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا تو دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کی اور فائرنگ کا آغاز کر دیا، تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد مارے گئے، ان میں سے کئی کی شناخت بعد میں ہوئی جو ماضی کے متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔
ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو ابتدائی طور پر آپریشن سائٹ سے منتقل کر دیا گیا اور ان کے خون کے نمونوں اور فنگر پرنٹس کو مزید تحقیقات کے لیے محفوظ کر لیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکورٹی اہلکاروں کو گولیاں لگیں جنہیں فوری طور پر کوئٹہ کے ایک فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
طبی ذرائع کے مطابق دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے اور وہ زیر علاج ہیں اور فورسز کے آپریشن کے دوران کوئی شہری متاثر نہ ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکا جا سکے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں AKـ47 رائفلیں، گرنیڈز، راکٹ لانچرز، بھاری مشین گنز اور بڑی مقدار میں گولہ بارود شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مواد مختلف حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال ہونے والا تھا، برآمد شدہ سامان کو فوراً ضبط کر لیا گیا اور اس کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
یہ آپریشن حالیہ دنوں میں بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی کارروائیوں کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔دوسری جانب فورسز نے ضلع ژوب اور ضلع شیرانی کے علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں فتنتہ الخوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
مقامی انتظامیہ نے آپریشن کے علاقے کے قریب رہنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں جب تک مزید اعلان نہ ہو۔بلوچستان حکومت نے اس آپریشن کو کامیاب اور بروقت قرار دیتے ہوئے سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔اس واقعے کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

