کراچی:گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان ہوشیار ہوجائیں ، کراچی میں الیکٹرک چالاننگ ( ای چالان) سسٹم شروع ہونے کی تاریخ قریب آگئی۔
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر یکم اکتوبر سے ای چالان سسٹم کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے تحت چالان ٹریفک پولیس اہلکار کے بجائے جدید خودکار نظام کے ذریعے کیے جائیں گے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہوں پر آگاہی مہم جاری ہے تاکہ شہریوں کو نئے نظام سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جاسکیں۔شہریوں نے ای چالان سسٹم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے رشوت ستانی اور امتیازی رویے کا خاتمہ ہوگا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ کئی ماہ سے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو آگاہی دی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا پابند بنانا ہے۔
پیر محمد شاہ نے مزید کہا کہ جدید الیکٹرانک سسٹم کے نفاذ کے بعد بلا تفریق کارروائیاں ممکن ہوں گی، جس سے مجموعی طور پر ٹریفک نظام میں بہتری آئے گی۔