خیبر پختونخوا میںفورسز کے آپریشن میںفتنہ الخوارج کے 9 دہشت گرد ہلاک اور 2گرفتار کر لیے گئے،ہلاک دہشتگردوں میں دو خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔لکی مروت میں سیکورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، جن سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، آپریشن کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقہ کو کلیئر کردیا۔
ادھرڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشتگردوں میں دو خودکش بمبار بھی شامل تھے۔پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 20 ستمبر کو سیکورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج، جن میں تین افغان نڑاد خوارج اور دو خودکش بمبار شامل تھے، ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کو توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ختم کیا جا سکے کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

