نیویارک:پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق قرارداد امریکا کے ویٹو کی وجہ سے منظور نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے تاریک لمحہ قراردے دیا ۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے قرارداد منظور نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد غزہ میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کا ازالہ تھا، یہ کوئی معمولی کارروائی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد منظور نہ ہونے کے پیچھے کسی کے ارادے یا کوشش کی کمی نہیں تھی بلکہ امریکا کا ویٹو تھا جس پر معذرت ہونی چاہیے۔پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ ایسے شدید انسانی المیے کے لمحات میں کونسل کو اس کے مینڈیٹ کی ادائیگی سے روکنا دراصل غزہ کے شہریوں کی مشکلات کے جاری رہنے میں معاون نظر آتا ہے، جنہوں نے یہ راستہ اختیار کیا ہے انہیں اپنے موقف پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ اسلام آباد مطالبہ کرتا ہے کہ فلسطینی مسئلے کا ایک منصفانہ، دیرپا اور پرامن حل متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی جواز کے مطابق ایک خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ حالات جیسے بھی ہوں، ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ ہم بولتے رہیں گے، عمل کرتے رہیں گے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

