مستقل دوست یا دشمن کوئی نہیں، صرف مفادات ہیں، بھارتی وزیر دفاع

نئی دہلی : بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جنگی بحری جہاز کی پیداوار میں خود انحصاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک مستقل دوست یا دشمن نہیں ہے، صرف مفادات مستقل ہوتے ہیں، بھارت کسی کو بھی اپنا دشمن نہیں سمجھتا لیکن اپنے عوام کے مفادات پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق این ڈی ٹی وی دفاعی سمٹ 2025 سے خطاب میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ خود انحصاری کو مدنظر رکھتے ہوئے (ہماری) قوم اب تمام جنگی بحری جہاز مقامی سطح پر تیار کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیوی نے عہد کیا ہے کہ کسی اور ملک سے وار شپس نہیں خریدیں گے بلکہ انڈیا میں تیار کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ انڈیا کا مقامی سطح پر تیار کیا گیا دفاعی نظام جلد حقیقت بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے انڈیا کی خارجہ اور دفاعی پالیسی کو بھی واضح کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مستقل دوست یا دشمن نہیں بلکہ مستقل صرف مفادات ہیں۔ وزیر دفاع کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ایک طرف انڈیا کی امریکہ کے ساتھ تجارتی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے تو دوسری جانب نئی دہلی چین کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکہ درآمد ہونے والی انڈین مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عاید کر دیا ہے۔ اسی تناظر میں وزیر دفاع نے کہا کہ عالمی سطح پر اس وقت تجارت کے میدان میں جنگ جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک پروٹیکشنسٹ بنتے جا رہے ہیں، لیکن انڈیا اپنے قومی مفادات پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خود انحصاری سے نہ صرف فائدہ ہے بلکہ ضرورت بھی بن گیا ہے۔ آج کی بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال نے واضح کر دیا ہے کہ دفاع کے میدان میں بیرونی انحصار اب آپشن نہیں رہا۔