ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی ایک روپے 69 پیسے سستی ہونے کا امکان

ملک بھر کے صارفین کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپے 69 پیسے سستی ہونے کا امکان ہے۔ملک بھر کے صارفین کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی نرخ میں کمی کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی، ممبر سندھ رفیق شیخ کی سربراہی میں اتھارٹی نے سماعت کی۔

سی پی پی اے نے کہا کہ صارفین کو ستمبر کے بلوں میں ریلیف ملے گا، منظوری کی صورت میں صارفین کو 23ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔جولائی میں بارشوں سے کرنٹ لگنے کے واقعات پر نیپرا اتھارٹی نے سخت اظہار برہمی کیا، ممبر نیپرا نے کہا کہ ایک ماہ میں صرف حادثات کے باعث 11 لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جولائی کے ماہ سب سے زیادہ بارشوں سے حادثات ہوئے۔

ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ صرف آئیسکو میں 6 لوگ اپنی جانوں سے گئے، کہاں ہیں سی ای او آئسیکو جواب دیا جائے، یہ کونسا طریقہ ہے کہاں ہیں حفاظتی اقدامات ؟ اتھارٹی ان کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ جرمانے کر سکتی ہے، اتھارٹی کے کئے جرمانوں پر عدالتوں سے سٹے لے لئے جاتے ہیں۔تقسیم کار کمپنیوں کے جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت مکمل ہوگئی۔

نیپرا نے کہا کہ سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں 1 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروائی تھی، اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لئے ہو گا۔