لاہور/پشاور/کوئٹہ:ملک بھر میں آٹے کی قیمت رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔لاہور میں گندم کی قیمت فی من 3200 روپے تک پہنچ گئی جس کے بعد آٹا بھی مہنگا ہو گیا۔لاہور میں اگست کے شروع میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1400 روپے کا تھا ، اب قیمت 1700 روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ چکی کا آٹا 130 روہے فی کلو سے بڑھ کر 135 روپے کا ہو گیا۔
علاوہ ازیںبلوچستان میں 100 کلو بوری 2 ہزار روپے اضافے کے ساتھ 9 ہزار روپے کی ہو گئی جبکہ پنجاب ملز آٹے کی 6 ہزار 900 روپے میں دستیاب 100 کلو بوری کی قیمت میں بھی 2 ہزار روپے کا اضافہ ہوا۔
ادھر بلوچستان میں پچھلے 10 روز کے دوران 7 ہزار روپے تک دستیاب 100کلو بوری کی قیمت میں 2ہزار روپے اضافے کے ساتھ ایک بوری 9ہزار روپے کی ہوگئی۔چمن میں ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پنجاب ملز آٹے کی 6ہزار 900 روپے میں دستیاب 100 کلو بوری کی قیمت 2 ہزار روپے اضافہ کے ساتھ اب 8ہزار 900 روپے کی ہوگئی۔
اسی طرح مقامی فلور ملز کا 7ہزار 200 روپے میں دستیاب 100 کلو بوری فائن آٹا اب 9ہزار 150 روپے میں مل رہا ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سندھ پنجاب میں طوفانی بارشیں، گندم کی قیمت میں اضافے سمیت کئی وجوہات کو جواز بناکر مل مالکان خودساختہ اضافہ کر رہے ہیں۔
فلور ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوسط قیمت میں اضافے کا رجحان صرف چمن تک محدود نہیں بلکہ صوبے بھر میں ہے۔ یہی رجحان رہا تو اگست کے اختتام تک آٹے کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 550 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد 20 کلوآٹے کا تھیلا 1850 روپے کا ہوگیا۔دوسری جانب پنجابمیں گندم کے سرکاری اجرا کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ نوید شہزاد مرزا نے گندم 2900 روپے فی من کے نرخ پر جاری کرنے کی تجویز دی ہے۔ڈی جی فوڈ کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو باضابطہ سمری ارسال کی گئی ہے جس میں صوبے میں آٹے کی دستیابی اور گندم کی موجودہ قیمت کو مدنظر رکھتے ہوئے 2900 روپے فی من کے نرخ پر اجرا کی اجازت طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد مارکیٹ میں آٹے کی قیمت کو مستحکم رکھنا، ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اگر تجویز منظور کر لی گئی تو فلور ملز کو سرکاری گندم 2900 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جائے گی جس کا براہِ راست اثر آٹے کی قیمتوں پر پڑے گا۔
ادھر پشاور میں مرغی کی قیمت میں اضافہ، لاہور اور ملتان میں قیمتیں برقرار رہیں۔پشاور میں چکن کی قیمت میں مزید 10 روپے اضافہ ہو گیا ہے، سرکاری نرخنامے میں مرغی کے نرخ 495 سے بڑھ کر 505 روپے ہو گئے ہیں۔
پشاور میں ڈیلرز کا کہنا ہے کہ چکن کی لوکل سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ لاہور اور ملتان میں سرکاری نرخنامے میں قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔لاہور میں زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 397 روپے کلو جبکہ پرچون ریٹ 411 روپے کلو ہے۔
برائلر گوشت 595 روپے کلو ہے، فی درجن انڈوں کی قیمت 299 روپے مقرر کی گئی ہے۔ملتان میں زندہ برائلر کا تھوک ریٹ 396 روپے ہے، پرچون ریٹ 410 روپے کلو ہے جبکہ گوشت کا ریٹ 595 روپے کلو ہے۔ انڈوں کی قیمت 295 روپے فی درجن ہے۔